City a Short Story by Hermann Hesse

Articles

شہر

ہرمن ہیسے (اردو ترجمہ : قاسم ندیم)

لگتا ہے اب ہم کہیں پہنچ رہے ہیں انجنیئر نے بلند آواز سے کہا۔کوئلہ اوزار اشیائے خوردنوش اور مسافروں سے بھری ہوئی ٹرین اس نئے علاقہ میں پہنچی جہاں کل ہی ریل کی پٹریاں بچھائی گئی تھیں۔اس وسیع و عریض علاقے میں چاروں طرف ہریالی تھی جس پر سورج کی سنہری کرنیں چمک رہی تھیں۔دور آسمان کو چھوتے ہوئے پیڑوں سے بھرے پہاڑ نیلے کہرے میں نہا رہے تھے۔ہرے بھرے میدانی علاقے میں کوئلہ، راکھ، کاغذ، اور لوہا اتارا جارہاتھا جس سے شور و غل ہو رہا تھا۔جنگلی کتے اور سانڈ یہ سب دیکھ رہے تھے۔آرا مشین کی آواز دور تک جنگلوں کو چیرتی ہوئی چلی جارہی تھی۔بندوق کی پہلی آواز کی گونج بادلوں کی گڑگڑاہٹ کی طرح پہاڑوں پر تیر گئی،لوہے پر بھاری ہتھو ڑے کی پہلی ضرب سے گھن کی آواز ہوئی، ٹین کے پتروں سے ایک جھونپڑی تیار ہوئی، دوسرے دن لکڑی کا ایک گھر پھر جیسے جیسے دن گزرتے گئے پتھروں سے تعمیر کیے گئے مکانات نظر آنے لگے۔جنگلی کتے اور سانڈ اس علاقے سے دوری قائم رکھنے لگے۔زمین کو جوتا گیا۔ہل چلایا گیا اور اس میں فصل آئی۔پہلے ہی بہار کے موسم میں زمیں ہری بھری فصلوں سے بھر گئی۔وہاں کھیت اصطبل اور انا ج کے گودام بنائے گئے۔زمین کو تراش خراش کر سڑکیں بنائی گئیں۔ ریلوے اسٹیشن تعمیر ہوا اور اس کا افتتاح بھی ہوگیا۔اس کے فوراََ بعد ایک سرکاری عمارت تیار ہوئی پھر ایک بینک۔تھوڑے ہی فاصلہ پر کچھ ہی مہینوں بعد اور بھی شہر بسائے گئے۔دور دراز کے علاقوں سے وہاں مزدور آنے لگے۔کسان اور شہری، بیوپاری اور وکیل آئے۔اساتذہ اور فلسفی آئے۔کچھ دنوں میں وہاں ایک اسکول،تین عبادت گاہیں اور دو اخبار شروع ہوئے۔مغربی سمت کے علاقے میں تیل کا ذخیرہ دستیاب ہوا۔نئے شہر کی ترقی ہونے لگی۔ایک سال بعد ہی وہاں پاکٹ مار، چور، اچکے،بدمعاش،شراب کی دکان،پیرس کا درزی اور بیئر پینے کے ہال وغیرہ وارد ہوئے۔قریبی شہروں کی مقابلہ آرائی سے مزید حوصلہ ملا اب کسی چیز کی کمی نہیں تھی۔ انتخابی پرورگنڈہ سے لے کر ہڑتال تک سنیما گھروں سے غوروفکر کے مراکز تک سب کچھ تھا۔فرانسسی شراب، ناروجن مچھلی، اطالوی ساسیز، برطانوی اون اور روسی جیکیٹ بھی موجود تھے دوسرے درجے کے گلوکاروں رقاصاؤں اور موسیقاروں کے گروپ بھی وہاں پروگرام کے لیے آنے لگے۔ آہستہ آہستہ وہاں تہذیب و ثقافت کا ارتقابھی ہوا۔وہ شہر جو ایک جھونپڑی سے شروع ہوا تھا اب ایک مستقل رہائش میں تبدیل ہو گیا۔ ملنے جلنے اور خیر مقدم کے طریقوں میں دوسرے شہروں سے پیچھے نہیں تھا۔جن لوگوں نے اس شہر کی بنیاد رکھی تھی وہ بے حد مشہور و معروف و قابل احترام ہوگئے تھے۔ وہ یہاں کے مخصوص لوگوں کا اہم حصہ تصور کیے جاتے ہیں ایک نئی پیڑھی آگئی جس کے لیے وہ شہر اس کا پرانا گھر تھا۔وہ دن جب اس کی بنیاد رکھی گئی پہلا قتل ہوا،پہلی مرتبہ عبادت کی گئی یا پہلا اخبار شائع ہوا تھا اب قصصہ کہانی کی طرح لگنے لگا تھا۔ یہ شہر اب آس پاس کے قصبوں چھوٹے شہروں پر اپنا دبدبہ رکھتا تھا جہاں پہلے راکھ کے ڈھیریوں کے ساتھ جھونپڑیاں کھڑی ہوئی تھی وہاں اب بڑی اور کھلی کھلی چوڑی سڑکیں اور ان کے کنارے بنکوں، دفتروں، تھیٹروں اور عبادت گاہوں کی قطاریں تھیں۔ راستوں پر طلبہ دکھائی دیتے جو یونیورسٹی یا لائبریری جاتے۔ ایمبولینس دوڑتی کسی، سیاست داں کی لیموزین تیز رفتاری سے گزرتی اور لوگوں اسے حیرت و استعجاب سے دیکھتے پتھروں اور لوہے سے تعمیر کردہ بیسوں اسکولوں میں ہر سال شہر کی بنیاد والے دن کو یادگار دن کے طور پر منایا جاتا اس میں گیت اور تقاریر کی جاتی شہر میں جو کھلی جگہیں موجود تھیں وہاں اب کھیل کے میدان،کارخانہ اور درجنوں ریلوے لائنیں موجود تھیں۔ ریلوے لائنوں کی وجہ سے پہاڑ اب قریب آگئے تھے۔پہاڑ کے دامن میں اور دور دراز سمندر کے کنارے رئیسوں اور مالدار لوگوں نے تعطیلات گرما کے لیے اپنے گھر تعمیر کروالیے تھے۔ تقریباََ سو سال بعد شہر ایک بڑے زلزلے کی زد میں آگیا اور پوری طرح تہس نہس ہوگیا۔اس بار پتھروں کے مکانات کی جگہ لکڑی نے اور بڑی بڑی عمارتوں کی جگہ چھوٹے مکانوں نے لے لی۔تنگ راستوں کی جگہ چوڑے راستہ بنائے گئے۔ اس کا ریلوے اسٹیشن اور اسٹاک ایکسچینج پورے ملک میں سب سے بڑا تھا۔ دوبارہ تعمیر شدہ شہر کو انجینئر وں فنکاروں اور کلاکاروں نے مختلف پارک، باغات، فواروں اور مجسموں سے سجایا۔نئی صدی میں شہر ملک کا سب سے دولت مند اور خوبصورت شہر مانا جانے لگا۔ساری دنیا سے سیاست داں انجینئر اور میئر یہاں کی تعمیرات پانی کا انتظام اور نظم و نسق کے مطالعہ کے لیے تشریف لائے۔ شہر کے نئے ٹاؤن ہال کے تعمیر کے ابتدا ہوئی جو دنیا میں سب سے بڑا اور شاندار تھا۔ ترقی اور علاقائی افتخار بڑھنے کے ساتھ ساتھ فنونِ لطیفہ کی نفاست میں اضافہ ہوا اور مزید ترقی کرتا ہوا یہ شہر خوبصورتی کے کرشمے میں تبدیل ہوگیا۔شہر کے درمیان کا حصہ جہاں کی عمارتیں ایک خاص ہلکے رنگ کے پتھروں سے تعمیر کی گئی تھیں،چاروں طرف سے بے حد خوبصورت باغات سے گھرا ہوا تھا۔ اس کے بعد کشادہ سڑکیں جن کے کنارے گھروں کی قطاریں تھیں جو دور دیہاتوں تک جاکر کھو جاتی تھیں، خوب سرہا جانے والا میوزیم تھا۔ جہاں ہمیشہ اسے دیکھنے کے لیے لوگ آتے رہتے تھے۔ اس میں سینکڑوں کمرے ہال اور برآمدے تھے جن میں شہر کی تاریخی نوادرات کو بڑے جتن سے رکھا گیا تھا۔ ایک بڑے حصہ میں شہر کی پہلی جھونپڑی، راستے وغیرہ کے ماڈل، جنگلی جانوروں اور میدان کے ساتھ موجود تھے۔ میوزیم کا مشاہدہ کرنے والے نوجوان خیموں اور جھونپڑیوں اور اوبڑکھابڑ پٹریوں سے آج جگمگاتے ہوئے شہر تک کے اپنے ارتقا پر غوروفکر کرتے، اپنے اساتذہ و رہنماؤں کے ذریعے انھوں نے اپنی ترقی اور فروغ کے عظیم اصولوں کو سمجھ اور سیکھا کیسے تخریب سے تعمیر،بربریت سے انسانیت،جہالت سے تہذیب اور غربت سے دولت حاصل کی جا سکتی ہے۔ شہر کی ترقی بڑی تیزی سے ہوئی۔ اس میں تمام سہولیت میسر تھیں۔ اس وجہ سے اگلی صدی میں وہ انتہا پر پہنچ گیا مگر اسی وقت دبے کچلے طبقہ نے آواز بلند کی اور خونی انقلاب نے اس کی ترقی کا خاتمہ کر دیا۔ لوگوں کے جم غفیر نے تیل کے کنووؤں میں آگ لگا دی۔ کارخانوں،کھیتوں اور گاؤں سمیت اس علاقے کے بڑے حصے میں آتش زنی کی وارداتیں ہوئیں۔جس سے بربادی ہوئی۔قتل و غارت گیری کے باوجود شہر بچ گیا۔برسوں بعد یہ مصیبتوں سے ضرور نکلا مگر پہلے جیسی ترقی نہ ہوئی پھر کوئی نئی عمارت نہیں تعمیر ہوئی۔ ان مشکل حالات کے دوران سمندر پار کسی جگہ تیزی سے ترقی ہونے لگی وہاں کی زمین اناج،لوہا،چاندی اور کئی نعمتوں سے مالا مال تھی اس لیے نئی زمین کی طرف سبھی راغب ہوئے۔ پرانی زمین سے جڑے لوگ نئی امیدیں نئی صلاحتیں لیے وہاں جانے لگے۔راتوں رات اس نئی زمین پر نئے شہر جلوہ گر ہونے لگے۔ جنگل غائب ہوگئے پانی کے ذخیروں کو مرضی کے مطابق نئی سمت دی جانے لگی۔ آہستہ آہستہ وہ پرانا خوبصورت شہر غریب ہونے لگا۔وہ ایک معاشرہ کا دل و دماغ اور کئی ممالک کا اسٹاک ایکسچینج نہیں رہا۔نئے دور کی اتھل پتھل میں وہ صرف کھڑا رہا۔ اپنی ثقافت کی وجہ سے کچھ ٹوٹے تار باقی رکھ سکا۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ اس شہر کے رہنے والے اسے چھوڑ کر نئے شہر میں گئے۔ وہاں کچھ نیا نہیں بنا سکے، تجارت میں ٹھہراؤ آگیا تھا اور دولت کمانے کے مواقع بہت کم رہ گئے تھے مگر اب اس پرانی ثقافت والی سر زمین پر نئی کونپلیں پھوٹنے لگیں۔ اس مرتے ہوئے شہر میں عالم اور فنکار مصور اور شاعر پیدا ہونے لگے جنھوں نے پہلے کبھی اس سر زمین پر مکان بنائے تھے ان کے وارث اب یہاں دیر سے جاگے اور فنکارانہ ماحول کو دیکھ کر مسکرانے لگے۔ انھوں نے کائی سے بھرے ہوئے باغات کی تصاویر بنائیں جن میں ٹوٹی پھوٹی مورتیاں اور ہرے تالاب تھے یا پھر وہ پرانے زمانے میں ہونے والی اتھل پتھل اور جنگ کے دوران جان بازی کے واقعات اور پرانے محلوں میں موجود تھکے ماندے لوگوں کے خوابوں کے بارے میں احساسات سے بھر پور شاعری کرتے رہے۔ ایک بار پھراس شہر کا نام دور دور تک مشہور ہونے لگا۔چاہے باہر کی دنیا جنگوں سے لرزتی رہے اور بڑے بڑے منصوبوں پر عمل آوری میں مصروف رہے۔ یہاں کے باشندے پر سکون تنہائی اور اجداد کے کارناموں کو سینے سے لگائے جی سکتے تھے۔ یہاں کی ویران سڑکیں پھیلی ہوئی ڈالیوں سے بھری تھیں۔ موسم کی مار جھیلتے ہوئے مکان کی خاموشی سے چوراہوں کو دیکھتے رہتے اور کائی زدہ فوارے اپنا راگ سناتے رہتے۔ ایک یا دو صدی تک دنیا کے لوگ اس پرانے خوابیدہ شہر کو احترام سے دیکھتے رہے۔شاعروں اور سیاحوں نے بھی اسے خوب سراہا مگر زندگی کا رخ دوسرے ممالک کی طرف بڑھتا جا رہا تھا۔ خود اس شہر میں پرانے باشندوں کی اگلی پیڑھیاں معدوم ہوتی جارہی تھیں۔ تہذیبی تغیرات کا دور بھی بہت پہلے ختم ہو چکا تھا اور اب اس کے سڑے گلے باقیات ہی بچے تھے۔ اس کے آس پاس کے چھوٹے چھوٹے شہر ویران اور کھنڈروں میں تبدیل ہوگئے تھے۔ شاذ و نادر ہی دوسرے ممالک کے مصور اور سیاح یہاں آتے اور موقع با موقع وہاں مجرموں کا بسیرا رہنے لگا۔ شہر سے تھوڑی دور زلزلہ آیا جس نے ندی کا بہاؤ تبدیل کر دیا وہاں کی زمین کا ایک حصہ دلدل میں اور باقی ریگستان میں تبدیل ہوگیا۔ دھیرے دھیرے پہاڑ سے پرانا جنگل نیچے اترنے لگا وسیع و عریض علاقہ کو ویران دیکھ کر جنگل نے اسے ٹکڑے ٹکڑے اپنی گرفت میں لینا شروع کیا۔دلدلی علاقہ میں ہر یالی چھانے لگی اور کھنڈروں پر بڑے بڑے پیڑ اگ آئے۔ آخرکار شہر کے باشندے اٹھ گئے جو باقی رہا وہ ایک قسم کا کھنڈر،عجیب و غریب قسم کے جنگلی جاندار ان کھنڈروں میں دکھائی دیتے۔ دلدلی علاقوں میں تبدیل ہونے کے بعد طوفان کا ایک دور گزرا جس میں اس طرح کی آبادی بھی وبائی امراض سے ختم ہوگئی آخرمیں سب کچھ ویران ہوگیا۔ بوسیدہ ٹاؤن ہال جو اپنے وقت میں قابل افتخار تھا ٹوٹا پھوٹا لیکن اب بھی سیدھا کھڑا تھا۔دنیا بھر کے گیتوں میں اب بھی اس کا ذکر ہوتا تھا اور قرب و جوار میں رہنے والے لوگوں کے بیچ اس کے بارے میں بے شمار کہانیاں موجود تھیں۔ اب قریبی شہر بھی معدوم ہونے لگے تھے ان کی تہذیب و ثقافت کا بھی خاتمہ ہورہا تھا اس شہر سے جڑے ناموں اور پرانی عظمت کا ذکر بچوں کے لیے لکھی جانے والی آسیبی کہانیوں میں ہونے لگا تھا اور کبھی کبھار دور دراز کے ملکوں سے محقق یہاں تحقیق کرنے آتے، اس شہر کے بارے میں جو راز پوشیدہ تھے اس پر بحث و مباحثہ کرتے، ٹھوس سونے کے دروازوں اور جواہرات کے گنبدوں کی بات ہوتی۔کہا جاتا ہے کہ اس خطہ کے خانہ بدوش آدی باسیوں کے پاس اب بھی بہت سی چیزیں محفوظ ہیں۔ لیکن جنگل اور نیچے آتے گئے پہاڑوں سے میدانوں تک جھرنوں اور ندیوں کا بہاؤ جاری رہا۔جنگل مزید گھنے ہوگئے، دھیرے دھیرے اس نے پرانی دیواروں،محلوں، عبادت گاہوں اور میوزیم پر اپنی چادر پھیلا دی۔لومڑی، نیولے،بھیڑیے اور بھالوؤں نے ہر طرف قبضہ کر لیا۔ ایک ٹوٹے محل کے کھنڈر میں ایک نیاچیڑ کا درخت بڑھنے لگا۔صرف ایک ہی سال پہلے اس نے جنگل کے قریب آنے کی اطلاع دی تھی مگر جب اس نے آس پاس دیکھ تو دور دور تک چھوٹے چھوٹے پیڑ اپنی جڑیں جماتے جارہے تھے۔ لگتا ہے اب ہم لوگ کہیں پہنچ رہے ہیں ایک پرندے نے خوشی سے آواز لگائی جو ایک ڈال پر چوٹ کرتا جارہا تھا اور خوشی سے اس بڑھتے ہوئے جنگل کو دیکھ رہا تھا جس کی شاندار ہریالی ساری زمین پر پھیلتی جا رہی تھی۔

٭٭٭